عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے جمعرات کو آلو کے بیجوں کے ملٹی پلیکیشن فارم (ایس ایم ایف) کلناگ، ایس ایم ایف رامپورہ اور فلوری کلچر فارم سرہامہ اننت ناگ کا دورہ کیا۔انہوں نے ان فارموں کے مختلف بلاکوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ تکنیکی ماہرین کے ساتھ اپنائے گئے مختلف طریقوں کے بارے میں بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمانہ فارمز فصلوں کی مختلف پیداوار، تحفظ کی ٹیکنالوجی کے لحاظ سے بہترین مراکز بننے کے عمل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ فارمز زرعی فصلوں کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کی افزائش، مناسب پیداوار اور تحفظ کی ٹیکنالوجی، فصل کے بعد کے انتظام اور اچھے معیار کے بیج کی پیداوار پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ڈائریکٹر زراعت نے متعلقہ افسران کو محکمانہ فارمز کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کیلئے محکمہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔