عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سخت چوکسی کی ضرورت پر زور دیا اور افسران کو انٹیلی جنس نیٹ ورکس کو مضبوط بنانے، کمزور مقامات کو محفوظ بنانے اور علاقے پر موثر تسلط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔موصوف پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ آنے والے واقعات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنایا جاسکے۔وسطی کشمیراورشمالی کشمیر کے ڈی آئی جیز کے ساتھ ساتھ کشمیر زون کے تمام ضلعی ایس ایس پیز اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے افسران نے میٹنگ میںعملی طور شرکت کی۔ آئی جی پی نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سخت چوکسی کی ضرورت پر زور دیا اور افسران کو انٹیلی جنس نیٹ ورکس کو مضبوط بنانے، کمزور مقامات کو محفوظ بنانے اور علاقے پر موثر تسلط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید سخت گشت، اہم مقامات پر نمائش میں اضافہ، اور قائم کردہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs)پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا۔تمام سیکورٹی اور انٹیلی جنس ونگز کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، آئی جی پی کشمیر نے مضبوط بین ایجنسی کوآرڈی نیشن اور ہنگامی تیاریوں پر زور دیا۔