عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// رکن اسمبلی تھنہ منڈی مظفر اقبال خان نے ایس ڈی ایم تھنہ منڈی اور ایس ایچ او تھنہ منڈی کے ہمراہ شاہدرہ شریف کا دورہ کر کے متاثرہ دکانداروں اور عوامی نمائندوں سے بات کی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سب ڈویژن کے شاہدرہ شریف بازار میں آگ لگنے کی وجہ سے دو دکانیں جل کر خاک کا ڈھیر ہو گئیں جس سے املاک کو کافی نقصان پہنچا۔ آگ لگنے کا واقعہ بابا غلام شاہ بادشاہ کی مشہور درگاہ کے قریب واقع مین بازار میں پیش آیا۔ متاثرہ دکانوں میں شاہدرہ کے رہائشی ناظم عمر ولد محمد شبیر کی ایک ریڈی میڈ گارمنٹ کی دکان اور یوپی کے بجنور کے رہائشی فرقون ولد محمد سلطان کی ایک مٹھائی کی دکان شامل ہے۔ آگ کی اس واردات میں عام لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیموں کے فوری مداخلت نے آگ بجھانے میں مدد کی جس سے ایک بڑی تباہی کا خطرہ ٹل گیا کیونکہ یہ بھیڑ بھاڑ والا علاقہ ہے اسلئے اگر یہاں فوری طور پر آگ پر قابو نہ پایا جاتا تو پوری مارکیٹ آگ کی لپیٹ میں آ جاتی جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی اور آگ کے شعلے مزید پھیلنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہو سکتا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی تھنہ منڈی مظفر اقبال خان نے لوگوں کی مشکلات سنیں اور ان کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ مظفر اقبال خان نے متاثرہ دکانداروں سے کہا کہ وہ نئے سرے سے اپنا کام کاج شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اعلی حکام کے ساتھ اٹھا کر متاثرہ دکانداروں کی بھرپور مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔ مظفر اقبال نے خان نے مزید کہا کہ شاہدرہ ہسپتال کو روڈ کنیکٹیوٹی سے جوڑ کر یہاں ایمبولنس سروس فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھنہ منڈی میں فائرس سروس کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرنے کے لئے بھی وہ ہر ممکن جدوجہد اور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر عوامی مسائل حل کر کے لوگوں کو راحت پہنچائی جائے گی۔