بانہال // کانگریس لیڈر اور ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے آج بانہال کے نیل ٹاپ علاقے میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا جس میں مقامی لوگوں کے علاوہ ضلع اور تحصیل افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیل کے متعدد دیہات سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ نیل ٹاپ کے مقام ممبر اسمبلی کی موجودگی میں اپنے درپیش مسائل اور دیرینہ مطالبات کو افسروں کی موجودگی میں روبرو کرانے کیلئے جمع ہوئے تھے۔ درجنوں دیہات پر مشتمل علاقہ نیل کیلئے رابطہ سڑک کی خرابی کو علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کئی مقامی رہنماوں نے چملواس۔ نیل رابطہ سڑک کی خستہ حالی کو دور کیا جائے اور اس سڑک کو میکڈم بچھا کر اور دیواریں لگاکر ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے تاکہ ہزاروں کی آبادی کو مہینوں تک منقطع رہنے سے نجات مل سکے۔ انہوں نے بغیر بجلی کے کئی علاقوں کو بجلی سے جوڑنے کی بھی بات اٹھائی اور ممبر اسمبلی سے گذارش کی کی وہ بجلی سے ابھی تک منقطع نیل کے علاقوں کو جوڑنے ، منریگا کے تحت مزدوروں کی بقایا رقومات کو واگزار کرنے اور پینے کے پانی کی کمی کے مدعے اٹھائے اور انہیں حل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے نیل کے علاقہ گگڑ ناگ کو سڑک رابطے سے جوڑنے کیلئے ممبر اسمبلی بانہال اور وہاں موجود افسران سے اپیل کی کہ وہ اس سڑک کو شروع کرنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ گگڑناگ کی غریب اور نہایت ہی پسماندہ ہزاروں لوگوں کو فیض مل سکے۔ ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے عوامی مسائل سننے کے بعد وہاں موجود ضلع اور تحصیل افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو درپیش مشکلات کو فوری طور پر حل کرنے کے اقدامات کریں اور اِس دور افتادہ پہاڑی علاقے میں آکر زمینی سطح پر عوامی مسائل کا جائزہ لیں۔ اس موقع پر ممبر اسمبلی نے نیل کی تعمیر وترقی اور فلاح کے کاموں کیلئے اپنے فنڈس سے رقومات واگذار کرنے کی بھی یقین دھانی کرائی اور کئی نئے کاموں اور منصوبوں کا بھی یقین دلایا اور متعلقہ افسران کو اس سمت ضروری کاروائی کی ہدایت دی۔