یو این آئی
سری نگر// فوج کا کہنا ہے کہ پاندوشن شوپیاں میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران جنگجووں نے جان بوجھ کر عام شہریوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک مقامی شہری از جان ہوا
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے پاندوشن گاوں میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پیر شام آٹھ بجے کے قریب فوج اور پولیس نے مشترکہ طورپر گاﺅں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ شام ساڑھے آٹھ بجے کے قریب جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود جنگجووں نے راہ فرار اختیار کرنے کی خاطر چاروں طرف سے فائرنگ شروع کی ۔
ان کے مطابق ملی ٹینٹوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کے باوجود بھی فوج نے عام شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر اُنہیں محفوظ مقامات تک پہنچایا۔
دفاعی ترجمان نے مزید کہاکہ جنگجووں نے جونہی دیکھا کہ فوج نے اُنہیں چاروں طرف سے گھیرے میں لیا ہے تو انہوں نے افرا تفری پیدا کرنے کی خاطر عام شہریوں پر ہی بندوقوں کے دہانے کھولے تاہم حفاظتی عملے نے متعدد عام شہریوں کو پہلے ہی وہاں سے بحفاظت نکالا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ملی ٹینٹوں نے عام شہریوں پر جان بوجھ کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فوجی لانس نائیک سنجب داس اور دو عام شہری شاہد گنائی ڈار اور سہیب احمد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوجی ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا تاہم شاہد گنائی ڈار نامی نوجوان زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
انہوں نے بتایا کہ سہیب احمد کی حالت قدرے مستحکم ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں موجود ملی ٹینٹ رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں میں تلاشی آپریشن کا دائرہ منگل کے روز بھی وسیع کیا ہے تاکہ مفرور ملی ٹینٹوں کو انجام تک پہنچایا جاسکے۔