عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//دہلی ہائی کورٹ نے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کو، جو کہ ملی ٹینسی کی فنڈنگ کے معاملے میں گرفتار ہے، کو پارلیمنٹ کے جاری اجلاس میں ‘حراست میں’ شرکت کی اجازت دے دی ہے۔جسٹس چندر دھاری سنگھ اور انوپ جے رام بھمبھانی کی بنچ نے کہا کہ پولیس انجینئر رشید کو پارلیمنٹ لے جائے گی اور 26 مارچ سے 4 اپریل کے درمیان تمام دنوں میں اسے واپس جیل لائے گی۔بنچ نے مزید کہا کہ جیل سے باہر، رشید سیل فون یا لینڈ لائن استعمال کرنے یا میڈیا سے بات چیت کرنے کا حقدار نہیں ہوگا۔رشید، جو 2017 کے ملی ٹینسی کی فنڈنگ کیس میں غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام)ایکٹ (یو اے پی اے)کے تحت مقدمے کا سامنا کر رہا ہے، نے 10 مارچ کے ٹرائل کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے جس میں اسے 4 اپریل تک لوک سبھا کی کارروائی میں شرکت کے لیے حراستی پیرول یا عبوری ضمانت سے انکار کیا گیا تھا۔