ملی ٹینسی آپریشن تیز ہونگے انسداددہشت گردی کارروائیوں کو مربوط کیا جائیگا

  ایل جی کا پونچھ میں مہلوک فوجی کے گھر کا دورہ،اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار

حسین محتشم

پونچھ//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو پونچھ میں مہلوک حوالدار عبدالمجید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کرنے کا اعلان کیا۔مجید ان5 فوجیوں میں شامل تھا، جنہوں نے 22 اور 23 نومبر کو راجوری ضلع کے دھرم شالہ بیلٹ کے بجی مال علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ 36 گھنٹے تک جاری رہنے والی گولی باری میں اپنی جانیں گنوائیں۔یہاںممنوعہ لشکر طیبہ (ایل ای ٹی)سے وابستہ دو پاکستانی ملی ٹینٹ، بشمول ایک اعلی کمانڈربھی مقابلے میں مارے گئے۔

 

لیفٹیننٹ گورنر نے X پر لکھا”میں نے پونچھ میں حوا لدارعبدالمجید کے گھر کا دورہ کیا، جو راجوری میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران شہید ہوئے تھے اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ ان کے خاندان کی مادر وطن کی خدمت اور قربانیوں کی طویل تاریخ ہے، پوری قوم کو اس کی بہادری اور جرات پر فخر ہے، “۔انہوں نے دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کا صفایا کرنے کے لیے منصوبہ بند انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے لیے فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز کی ستائش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ہم دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام اور دہشت گردوں کی مدد کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو تیز کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ اپنے گھنانے اقدامات کی بھاری قیمت ادا کریں۔حوالدارکے والد محمد رشید نے کہا کہ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر پر زور دیا کہ وہ اسکی بہو کو سرکاری ملازمت فراہم کریں۔رشیدنے کہا’’اس نے (سنہا)نے مجید کینابالغ بچوں، دو بیٹوں اور ایک بیٹی اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ ہم نے مجید کی بیوی اور بچوں کی دیکھ بھال میں ان سے مداخلت کی اور اسے سرکاری ملازمت فراہم کرنے کی اپیل کی اور گائوں تک ایک لنک روڈ کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے جلد کارروائی کی یقین دہانی کرائی‘‘۔انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے اپنی جان قربان کرنے پر انہیں مجید پر فخر ہے لیکن ان کے جانے سے وہ خلا پیدا ہو گیا ہے جسے پر کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا’’وہ قوم کے دشمنوں کو مار کر جنت کی طرف روانہ ہوا، ہمارا خاندان قوم کے لیے وقف ہے اور پورے ملک کو ان کی قربانی پر فخر ہے‘‘۔جموں کے ڈویژنل کمشنر رمیش کمار، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس(راجوری پونچھ رینج)حسیب مغل، پونچھ کے ڈپٹی کمشنر یاسین چودھری اور پونچھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونے شرما بھی مجید کے گھر پر موجود تھے۔