عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// تعلیم یافتہ نوجوانوںکو مختلف سرکاری محکموں واداروں میں نوکریاں فراہم کرنے کیلئے اکتوبر2022 میں شروع کئے گئے ’روزگارمیلہ‘مہم کاایک سال مکمل ہوگیا ہے ،اور اب تک لاکھوں نوجوانوںکو سرکاری ملازمتوں کیلئے تقرری کے خطوط یاآرڈر دئیے گئے ہیں۔ایک سال سے جاری اسی مہم کے تحت وزیراعظم نریندرمودی نے ہفتہ کے روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نئے بھرتی ہونے والے 50ہزار سے زیادہ تقرری خطوط تقسیم کئے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ روزگار میلے کے تحت اب تک لاکھوں نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے لئے تقرری لیٹر دئیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روزگار میلہ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کیا گیا تھا۔ اب تک لاکھوں نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کیلئے تقرری خط دیے جا چکے ہیں۔ ہفتہ کو50 ہزار سے زائد نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دیوالی میں کچھ وقت ہے، لیکن یہ موقع 50ہزار تقرری خط وصول کرنے والوں کے اہل خانہ کیلئے دیوالی سے کم نہیں ہے۔وزیراعظم مودی نے کہاکہ روزگار میلہ کا سفر ایک اہم سنگ میل کو پہنچ گیا۔انہوںنے مزیدکہاکہ ہماری حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے مشن موڈ میں کام کر رہی ہے۔وزیراعظم مودی کاکہناتھاکہ ہم نہ صرف روزگار فراہم کر رہے ہیں بلکہ ایک شفاف نظام کو بھی برقرار رکھ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ملازمت کے نوٹیفکیشن سے ایمپلائمنٹ لیٹر کے درمیان کا مجموعی وقت نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔ ملک بھر میں37 مقامات پر روزگار میلہ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ بھرتیاں مرکزی حکومت کے محکموں کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومتوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میںبھی کی گئی ہیں۔