سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کی طبیعت پولیس حراست میںبگڑگئی ہے اور وہ بدھ کی شام سے معدے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔پولیس نے جمعرات کو انہیںڈاکٹر کھورو کے کلینک لیا، جہاں ابتدائی تشخیص سے پتہ چلا ہے کہ انہیںآنتوں کا انفکشن ہوا ہے۔ ڈاکٹر نے انہیں انٹی بیوٹک ادویات کے ساتھ ساتھ نرم غذا اور مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹری ملاحظے کے بعد انہیں واپس مائسمہ پولیس اسٹیشن میں مقید کردیا گیا ۔لبریش فرنٹ ترجمان نے چیئرمین کی بگڑتی صحت پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو آئے روز گرفتار کرکے پابند سلاسل کردینا حکمرانوں کا محبوب مشغلہ بن چکا ہے اور خاص طور پر پچھلے چار برس کے دوران انہوں نے اپنی زندگی کے اکثر ایام جیلوں اور پولیس تھانوں میں ہی گزارے ہیں جس نے ان کی صحت کو بری طرح متاثر کردیا ہے۔لبریشن فرنٹ نے جویز احمد خان، اقبال احمد اور فیصل احمد کو پلوامہ جیل سے ہیرا نگر جیل منتقل کرنے کی مذمت کی ۔