نئی دہلی// ملک میںگزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 3970 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 85ہزار940 ہو گئی اور اسی دوران 103 افراد کی ہلاکت سے ہلاک شدگان کی تعداد 2752 تک پہنچ گئی ہے ۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1576 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 29100 ہو گئی ہے اور مجموعی 1068 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 6564 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔دریں اثناء بھارت کورونا وبا کے سب سے زائد تعداد والے ممالک کی فہرست میں 11 ویں مقام کے ساتھ ہی عالمی وبا کے مرکز چین سے آگے نکل گیا ۔ چین میں صوبہ ہوبئی کے ووہان میں دسمبر 2019 کے وسط میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور اس نے اب تک دنیا بھر کے کئی ممالک کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے ۔ چین میں اب تک 84،038 افراد اس سے متاثرہ ہوئے ہیں اور 4637 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ تاہم ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد چین سے زائد ہو گئی ہے ، لیکن اس وبا سے یہاں شرح ا موات کا گراف کم ہے ۔ چین میں اب تک 4637 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہندوستان میں یہ تعداد 2752 ہے ۔ بھارت کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ بھارت میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح چین کے مقابلے میں اب تک تشویش ناک نہیں ہے اورہلاکتوں کی مجموعی تعداد2ہزار 752 ہے جبکہ چین میں4 ہزار600 افراد ہلاک ہوئے تھے۔