نئی دہلی// ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 43 ہزار سے زیادہ نئے معاملات درج کیے گئے ۔
دریں اثنا ، منگل کو 36 لاکھ 05 ہزار 998 افراد کو کورونا سےتحظ ٹیکے لگائے گئے۔ اب تک ملک میں 36 کروڑ 13 لاکھ 23 ہزار 548 افراد کو ٹیکےلگائے جاچکے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 43733 نئے کیسوں کی آمد کے ساتھ ، متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ چھ لاکھ 63 ہزار 635 ہوگئی ہے۔ اس دوران 47 ہزار 240 مریضوں کی شفایابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد دو کروڑ 97 لاکھ 99 ہزار 534 ہوگئی ہے۔ ایکٹو کیسز 4437 سے کم ہوکر 4 لاکھ 59 ہزار 920 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصہ میں 930 مریضوں کی ہلاکت کی وجہ سے اموات کی تعداد چار لاکھ چار ہزار 211 ہوگئی ہے۔
ملک میں سرگرم کیسوں کی شرح کم ہوکر 1.50 فیصد ، بحالی کی شرح 97.18 فیصد اور اموات کی شرح 1.32 ہوگئی ہے۔