نئی دہلی// ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پرکورونا وائرس کے 1336 نئے کیس درج کئے جانے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 20 ہزار کے قریب پہنچ گئی اور اس دوران اس وبا سے 50 افراد کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد 640 ہو گئی ہے۔
ملک کی مختلف ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 19 ہزار984 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 77 غیرملکی مریض بھی شامل ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر افراد کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں پرکورونا وائرس سے متاثر 618 لوگوں کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 3،870 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے. کورونا سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر ہے جہاں متاثرین کی تعداد میں ایک دن میں 552 کا اضافہ درج کیا گیا اور کل اعداد و شمار 5،218 ہو گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 19 مزید افراد کی موت کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 251 ہو گئی ہے. ریاست میں 722 مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔