عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں متعدد مقامات پر وسیع تلاشی کارروائیاں کیں، جس میں سابق حریت کارکنوں اور کالعدم جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مربوط چھاپے صبح سویرے ان عناصر کے خلاف جاری کریک ڈان کے ایک حصے کے طور پر شروع کیے گئے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جو قومی سلامتی کے لیے نقصاندہ ہیں۔ یہ تلاشی بیک وقت کئی دیہاتوں اور قصبوں کے علاقوں میں سخت حفاظتی حصار میں چلائی گئی۔ آپریشن کا مقصد “ملک دشمن سرگرمیوں کو روکنا اور علیحدگی پسند یا شدت پسند تنظیموں سے ماضی کے روابط رکھنے والے افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا تھا۔” ذرائع نے مزید کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے ثبوت کے لیے دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور دیگر مواد کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ایک افسر نے کہا، “ضلع میں امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تلاشیاں ایک احتیاطی اقدام کا حصہ ہیں” ۔ذرائع نے بتایا کہ جن لوگوں کے گھروں کی تلاشی لی گئی وہ کالعدم تنظیموں سے مبینہ روابط یا ماضی کی علیحدگی پسند مہموں میں ملوث ہونے کی وجہ سے کچھ عرصے سے پولیس کی نگرانی میں تھے۔