نیوز ڈیسک
سرینگر//وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بتایا ہے کہ بھارت خود کفیل ملک بننے کے سفر پر گامزن ہے اور اس میں جموں کشمیر سے کنیا کماری تک کے سبھی لوگوں خاص کر نوجوانوں کا رول بنتا ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ جموں کشمیر میں گزشتہ تین برسوں میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے اور سیاحتی سیکٹر میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔سی این آئی کے مطابق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کے لیے ملک کے نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ اعتماد تب آتا ہے جب ملک کے نوجوان باشعور ہونے کے ساتھ ساتھ کردار کے حامل بھی ہوں۔ نئی قومی تعلیمی پالیسی اسی سوچ کو ذہن میں رکھ کر بنائی گئی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت خود کفالت کے سفر پر گامزن ہے اور سال 2025تک بھارت دفاعی شعبہ کیلئے ہر ضروری سامان تیار کرنے کے قابل بن جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کے اس سفر میں جموں کشمیر سے لیکر کنیاکماری تک عام لوگوں کی شراکت داری ہے باالخصوص نوجوانوں کا اس میں اہم رول ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جموں کشمیر بھی میک ان انڈیا کے منتر کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور گزشتہ تین برسوں میں یہاں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملی خاص کر سیاحتی شعبہ میں کافی ترقی ہوئی ہے جس کے بدولت ملک بھر کے سیاح جموں کشمیر کی سیر پر جارہے ہیں ۔ انہوںنے مزید بتایا کہ آج ملک میں 23 آئی آئی ٹی اور 20 آئی آئی ایم ہیں۔ 2014 سے ہر ہفتے ایک نئی یونیورسٹی اور ہر روز دو نئے کالج قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں، اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔راج ناتھ سنگھ نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری مرکزی حکومت پرائمری، ہائر اور میڈیکل ایجوکیشن پر توجہ دے کر تعلیم کے شعبے میں ایک بڑی اور مثبت تبدیلی کو یقینی بنا رہی ہے۔ 2014 سے ہر سال ایک نیا IIT اور IIM قائم کیا گیا ہے۔