یو این آئی
نئی دہلی// حکومت نے آج کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں بنائے جانے والے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) کا مقصد ان حصوں میں دہلی کے ایمز کی سطح پر طبی سہولیات کو فراہم کرنا ہے۔ اس کے لیے فیکلٹی اور طبی معیارات کو اس عالمی برانڈ کی سطح پرتیار کرنے کرنے میں کچھ وقت لگے گا اس لیے لوگوں کو صبر سے انتظار کرنا چاہئے۔لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران مرکزی وزیر برائے صحت، خاندانی بہبود، کیمیکل و کھاد جگت پرکاش نڈا نے مقامی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے جھارکھنڈ کے دیوگھر میں قائم ایمز میں بیرونی مریضوں کا شعبہ جلد کھولنے کے مطالبے پر مذکورہ وضاحت پیش کی ۔ نڈا نے کہا کہ مختلف اراکین پارلیمنٹ کی طرف سے اکثر یہ مطالبہ کیا جاتا ہے کہ ایمز میں ایک خاص سہولت جلد شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے وہ یہ بتانا چاہیں گے کہ ایمز کھولنے کا مقصد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ”آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے بارے میں ہمارا نظریہ یہ ہے کہ ملک کے کونے کونے سے لوگوں کو اپنے علاج کے لیے دہلی نہ آنا پڑے ۔ دہلی کے ایمز میں جس طرح سروس دی جاتی ہے، ایمز کو اسی برانڈ نام کے ساتھ اسی سطح کی سروس فراہم کرنی چاہئے۔ لیکن اس میں وقت لگتا ہے۔ دہلی کا ایمس 1950 کی دہائی میں بنایا گیا تھا لیکن اسے اپنا برانڈ تیار کرنے میں 1970 کی دہائی لگ گئی۔ اس لیے ملک کے مختلف مقامات پر بنائے گئے ایمز میں فیکلٹی (اساتذہ) اور طبی معیارات کو دہلی کے ایمز کی سطح تک تیار کرنے میں وقت لگے گا۔