نیوز ڈیسک
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہانے راجوری میں پیش آئے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے پیچھے کارفرما عناصر کو کیفرکردار پہنچایا جائے گا۔انہوںنے مہلوکین کے لواحقین کے حق میں فی کنبہ 10 لاکھ روپے کی نقد امداداورگھر کے ایک فردکوسرکاری نوکری دینے کااعلان کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے شدیدزخمیوں کے حق میں فی کس ایک لاکھ روپے کی عبوری امداددینے کابھی اعلان کیا۔ لیفٹنٹ گورنرمنوج سنہا نے راجوری کے ڈانگری بالاگائوںمیں اتوار کوہوئے ہلاکت خیز دھماکے اوراس دوران کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک چار عام شہریوںکی ہلاکت اور10دیگرکے زخمی ہوجانے پرسخت ردعمل ظاہرکیا۔
ایل جی دفتر کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سے منصوب ایک ٹویٹ میں بتایاگیاکہ لیفٹننٹ گورنرنے تشدد سے متاثر ہونے والوں کے لواحقین کے لیے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا،’’ میں راجوری میں بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اس گھناؤنے حملے کے پیچھے والوں کوضرور سزا ملے گی‘‘۔انہوںنے کہاکہ میرے خیالات اور دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘‘ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے کہاکہ اس حملے میںہلاک ہوئے شہریوں میں سے ہر ایک کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے بطورایکس گریشیا امداداورگھرکے ایک فردکو سرکاری نوکری دی جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی کہا کہ شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپے بطورایکس گریشیادئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنائیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ
حفاظتی چُوک کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ
سُمت بھارگو
راجوری//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے ڈانگری حملے میں 6شہری ہلاکتوں اور15کے زخمی ہونے کے پس منظر میں پیرکوراجوری میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں پیرپنچال خطے میں حفاظتی صورتحال کا مجموعی طورتفصٰلی جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راجوری پہنچ کرمتاثرہ کنبوں کے افراد کے ساتھ ملاقات کی۔مابعد وہ تین میں سے دوگھروں ،جہاں حملہ آوروں نے فائرنگ کی تھی،کوبھی گئے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے باردی سرنگ کے دھماکے کی جگہ کابھی دورہ کیاجس میں دوکمسن بچوںکی ہلاکت کے علاوہ نودیگرافرادزخمی ہوئے۔سنہا کے ہمراہ داخلہ سیکریٹری آرپی گوئل،پولیس سربراہ دلباغ سنگھ،ایڈیشنل ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ،صوبائی کمشنر جموں رومیش کمار اوردیگر تھے۔
بعد میں پولیس لائنزمیں لیفٹیننٹ گورنر نے اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی۔سینئرپولیس،انٹیلی جنس ،فوج اورسول حکام میٹنگ میں موجودتھے جس دورا ن حفاظتی منظر نامے پرتفصیلی غورکیاگیااورلیفٹیننٹ گورنر کو مجموعی حفاظتی صورتحال کی جانکاری دی گئی۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حفاظتی چوک اگر کہیں ہو،تواُس کی اعلیٰ سطح پرتحقیقات کی جائے گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حملہ آوروں کوبخشانہیں جائے گا۔منوج سنہا نے کہا،’’ہمیں معلوم ہے کہ ان کے ساتھ کیا کرنا ہے اورہم اُسے یقینی بنائیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انسانی جانوں کے نقصان کی بھرپائی کسی معاوضے سے نہیں کی جاسکتی،لیکن یہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اورہم نے ایساکیا ہے۔