عازم جان
بانڈی پورہ//ملنگام بانڈی پورہ میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے آبادی کولمبی مسافت طے کرکے پانی حاصل کرناپڑتا ہے۔ سراپا احتجاج محلہ بلالیہ مسجد ملنگام و دشوار گزار پہاڑی بستیوں کے مکینوں نے بتایا کہ پانچ ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کو محض ایک چشمہ سے پینے کا پانی مہیاہورہا ہے ،جس میں گرمیوں کی وجہ سے پانی بتدریج کم ہورہاہے ۔رہائشیوں نے بتایا کہ نلکے خشک پڑے ہوئے ہیں۔ تمام جاندار پانی کی بوند کے لئے ترس رہے ہیں ۔رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پانی سپلائی کرنے کیلئے گائوں کی طرف واٹرٹینکر فوری طور پر روانہ کریں۔
محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر جا ید احمد نے کہا کہ کل سے بلالیہ مسجد محلہ ودیگر بستیوں کے لئے واٹر ٹینکر روانہ کئے جائیں گے۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر نے بتایا کہ لوگ پینے کے پانی کی سپلائی لائنوں کی سینچائی کیلئے توڑ پھوڑ کرتے ہیں ،جس کی وجہ سے پینے کے پانی کی سپلائی میں بڑے پیمانے پر خلل پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے اس صورت حال کے پیش نظر کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کردیا ہے،انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ محکمہ جل شکتی کے ساتھ تعاون کریں اور پانی کی سپلائی لائن توڑنے سے گریز کریں۔