پٹیشنز کمیٹی کی ذبح خانوں کی بحالی اور مارکیٹ چیکنگ کی سخت نگرانی کی ہدایت
سرینگر// پٹیشنز کمیٹی نے کل ایک اجلاس میں’’جموں و کشمیر یوٹی میں گوشت، مچھلی، مرغی، دودھ، گندم اور دیگر تیار شدہ اشیائے خورونوش میں وسیع پیمانے پر ملاوٹ‘‘سے متعلق ایک درخواست پر غوروخوض کیا ۔میٹنگ کی صدارت چیئرمین پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے کی۔چیئرمین نے جموں و کشمیر بھر میں سخت مارکیٹ چیکنگ مہم چلانے اور خوراک کی فروخت و سپلائی کی سخت نگرانی پر زور دیا۔کمیٹی نے غیر معیاری گوشت، مچھلی اور مرغی کی سپلائی کو روکنے کے لئے اقدامات پر غور کیا۔ چیئرمین نے ہدایت دی کہ تمام مقررہ رہنما اصولوں پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے اور سڑے ہوئے گوشت یا ملاوٹ شدہ اشیأ فروخت میں ملوث اَفراد کے خلاف سخت کاررِوائی کی جائے۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جموں و کشمیر بھر میں ذبح خانوں کی بحالی اور ان کے مؤثر طریقے سے چلنے کو یقینی بنایا جائے، لکھن پور،اودھمپور اور دیگر اہم مقامات پر چیک پوائنٹس کو مضبوط کیا جائے اور ملاوٹ شدہ خوراک اور جعلی ادویات کے داخلے کی سخت نگرانی کی جائے۔چیئرمین نے زور دیتے ہوئے کہا،’’جموں و کشمیر کو سڑا ہوا گوشت اور دیگر ملاوٹ شدہ خوراک کی سپلائی ایک حساس اور سنگین مسئلہ ہے جس کی فوری تحقیقات کی جانی چاہیے تاکہ ملوث اَفراد کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔‘‘کمیٹی کے ارکان نے جموں و کشمیر میں خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اِظہار کیا اور مؤثر مارکیٹ معائینوں، باقاعدہ نمونہ جات لینے اور ٹیسٹنگ کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا تاکہ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔کمیٹی نے قانون عملانے کی سختی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جُرمانے عائد کئے جائیں تاکہ آئندہ ایسی خلاف ورزیاں روکی جا سکیں۔