اوٹاوا //پاکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ شخصیت ملالہ یوسفزئی کو کینیڈا کی اعزازی شہریت دی گئی ہے۔وہ دنیا کی چھٹی ایسی شخصیت ہیں جنھیں کینیڈین حکومت نے اپنا اعزازی شہری بنایا ہے۔19 سال کی عمر میں ملالہ اعزازی شہریت پانے والی سب سے کم عمر فرد بھی ہیں۔اوٹاوا میں ایک سرکاری تقریب میں شہریت قبول کرنے کے بعد ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ اچھا محسوس کر رہی ہیں۔انھوں نے کینیڈا کے سیاستدانوں سے کہا کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے فنڈ جمع کرنے میں مدد دیں۔ملالہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق اور تعلیم کی فراہمی کے لیے سرگرم ہیں۔اس موقع پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ملالہ کے کام کی تعریف کی اور انہیں ’کینیڈا کی سب سے نئی اور شاید بہادر ترین شہری‘ قرار دیا۔