جموں// ریاستی حکومت نے ملازمین کو ایک بڑی راحت دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فنڈ دفاتر اور دیگر فنڈ دفاتر کی طرف سے حتمی جی پی فنڈ نکالنے کے حوالے سے سٹیلمنٹ کے قوانین میں نرمی کی ہے۔اس حوالے سے اعلان وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے پچھلے ماہ ریاستی قانون ساز یہ میں بجٹ تقریر کے دوران کیا تھا۔ڈاکٹر درابو کے اس اعلان کے تناظر میں آج محکمہ خزانہ نے باضابطہ طور سے ایک حکمنامہ جاری کیا۔پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری کی طرف سے جاری کئے گئے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ حتمی جی پی فنڈ نکالنے کے لئے ملازمین کو اب پچھلے پانچ برسوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ سٹیمنٹس جمع کرنے ہوں گے جس میں ملازمین کی طرف سے جمع کی گئی رقم اور ادائیگیوں کی ریفنڈیبل اور نان ریفنڈیبل تفصیلات کی عکاسی کی گئی ہو۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ جہاں ڈی ڈی او کے پاس اس مدت کی جانکاری کسی وجہ سے فوری طور سے دستیاب نہ ہوگی اس صورت میں متعلقہ ملازم یا اس کے جانشین کی طرف سے پہلے سے موجود فارمٹ کے مطابق انڈیمنیٹی بانڈ وصول کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ڈی ڈی او کی طرف سے یہ بانڈ وصول کرنے کے بعد اسے جی پی فنڈ ادائیگی کے لئے متعلقہ فنڈ آفس کو بھیجا جائے گا۔اس حکمنامے میں حتمی جی پی فنڈ نکالنے کو آسان بنانے کے لئے کئی دیگر مدوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔