ملائیشیا : سیلاب کی تباہ کاریوں سے ڈیڑھ ارب ڈالر کا نقصان

کوالالمپور// ملائیشیا میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ملکی معیشت کو 1.46 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حکومت کی جانب سے جمعہ کے دن جاری کردہ رپورٹ میں تباہ کاریوں سے متعلق بتایا گیا کہ ان آفات کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک ،جب کہ ایک لاکھ 20ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ متاثرین کی امداد کے لیے ساڑھے 35کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ادھر شام میں خانہ جنگی سے متاثرہ ادلب میں کیمپوں میں مقیم سیکڑوں بے گھر شامی خاندان سخت آزمایش کا شکار ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق ترکی اور شام کی سرحد کے ساتھ واقع ادلب میں بے گھر سیکڑوں شامی خاندان کیمپوں میں مقیم ہیں ، جہاں خون جما دینے والی سردی نے ان کی زندگی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ پناہ گزینوں کو یہی خطرہ ستاتا ہے کہ یہ سردی کہیں ان کے بچوں کی جان نہ لے لے۔ ادلب میں سیکڑوں خیمے حال ہی میں ہونے والی شدید برفباری اور بارش کے باعث تباہ ہوچکے ہیں۔ خیموں میں مقیم خاندان دن کے وقت پلاسٹک اور گتوں سے صفائی کرتے ہیں۔