مشتاق الاسلام
پلوامہ //زعفران گروورس کی جانب سے شدید احتجاج کے دو روز بعدپانپور میں زعفران صنعت سے وابستہ گروورس کے مسائل کا جائزہ لینے کے لے ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے منگل کے روز زعفران ٹریڈ مرکز پانپور کا دورہ کرکے ناظم زراعت سمیت افسران کے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم،ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر، ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ جے اینڈ کے، چیف انجینئر ایم ای ڈی اور ضلعی افسران سمیت اہم عہدیداروں کے علاہ زعفران سے وابستہ کاشت کاروں نے حصہ لیا۔صوبائی کمشنر نے زعفران کے قومی مشن کی پیشرفت،زعفران کی پیداوار بڑھانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کرکے زعفران کے کاشتکاروں کے خدشات کو دور کیا۔اجلاس کے دوران ناظم زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے زعفران کے قومی مشن کا ایک جامع جائزہ کمشنر موصوف کے سامنے پیش کیا اور زعفران کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے زراعت محکمے کی کاوشیں پیش کیں۔ڈویژنل کمشنر نے پانپور میں زعفران کے کاشتکاروں کی طرف سے اجاگر کیے گئے اہم پہلوں کاجائزہ لیا۔ڈویژنل کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کی تجاویز پر ہمدردانہ توجہ دیں۔قومی زعفران مشن کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر مکمل شدہ اثاثوں کو اپنے قبضے میں لیں اور مشن سے متعلق تمام معلومات کو مکمل کرکے مزید کارروائی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ ناظم زراعت نے بتایا کہ زعفران پارک پیداوار پر بہترین منافع کو یقینی بنانے کے لیے ویلیو ایڈیشن اور کوالٹی کنٹرول کے لیے پوری طرح لیس ہے۔بعد ازاں ڈویژنل کمشنر نے دوسو پانپور میں سکاوسٹ کے زعفران ریسرچ اسٹیشن کا دورہ بھی کیا۔