کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں مقامی لوگوں کے مفادات کا تحفُظ کرنے کے بغیر کسی بھی پائور پروجیکٹ کو شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان باتوں کا اظہار ریاست کے سابقہ وزیر و ایم ایل سجااد احمد کچلو نے ضلع کے اپنے طویل دورہ کے دوران ناگسینی علاقہ بشمول ڈول، پدیارنہ، کوار، کئیرو، باگنا و دیگر علاقوں میں لوگوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اُنہوں نے موجودہ پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط سرکار پر متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو باز آباد کاری کے نام پر بیوقوف بنانے کا الزام لگایا اور کہا کہ جائز اور مستحق لوگوں کو دھونس و دبائو کی سیاست سے جائز حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔اُنہوں نے ان علاقوں میں ایم جی نریگا کے جاب کارڈ ہولڈروں کو ادائیگی نہ کرنے،پینے کے پانی کی عدم دستیابی،ناقص طبی خدمات، سکولوں کی ناقص کار کردگی ،راشن ڈیپووں میں راشن کی ناکافی سپلائی ،سڑکوں کی خستہ حالی اور کوار و کئیرو پائور پروجیکٹوں کے سلسلہ میں باز آبا دکاری منصوبہ نہ لاگو کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔اُنہوں نے مخلوط سرکار پر عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے کا بھی الزام لگایا ۔اُنہوں نے کہا کہ راشن کی عدم دستیابی سے لوگ بھوک مری کے شکار ہو رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کوار اور کئیرو پائور پروجیکٹوں کی تعمیر کے سلسلہ میں حاصل کی گئی زمین پر برائے نام کے معاوضہ دیا جارہا ہے ،جو کہ ان زمین مالکان کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اُنہوں نے مارکیٹ ریٹ کے شرح سے معاوضہ ادا کرنے اور این ایچ پی سی اور سی وی پی پی کے زمین مالکان کو باقاعدہ ملازمت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کمانے کے باوجود بھی این ایچ پی سی و سی وی پی پی متاثرہ لوگوں کے لئے کُچھ نہیں کر رہی ہے۔اُنہوں نے پائور پروجیکٹوں کے نزدیک رہنے والے لوگوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ایم ایل سی نے سرکار سے مقامی لوگوں کے حق میں 80% : 20%کے تناسب سے ملازمت فراہم کرنے کا مطالبہ کیااور کہا کہ این سی مقامی لوگوں کے ساتھ ملازمت کے کھوکھلے وعدوں کی اجازت نہیں دے گی۔انکے ہمراہ شریف کیلم، عبدالغنی،لون ، محمد اسلم ،نور محمد، محمد یوسف، محمد قاسم ،فاروق احمد ،محمد حنیف ،مشتاق احمد ،لیکھ راج و دیگران بھی تھے۔