عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) راجوری یونٹ نے سابقہ وزیراعلیٰ جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کی 9ویں برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا۔یہ تقریب سابق ممبر اسمبلی راجوری قمر حسین کی زیر صدارت ہوئی، جس میں دیگر سینئر پارٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر مفتی محمد سعید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی ریاست کی ترقی اور فلاح کے لئے کی جانے والی خدمات کو یاد کیا گیا۔ شرکاء نے مفتی محمد سعید کی رہنمائی اور ان کے ویڑن پر روشنی ڈالی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ان کا کردار جموں و کشمیر کی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔یہ تقریب پی ڈی پی کے اراکین کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہوئی، جس میں انہوں نے مفتی محمد سعید کی پالیسیوں اور ان کے اصولوں کو یاد کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مفتی کے اصولوں کو فروغ دیا جائے گا اور ان کے کام کو جاری رکھا جائے گا تاکہ ریاست جموں و کشمیر کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے مزید اقدامات کئے جا سکیں۔اس تقریب کا مقصد مفتی محمد سعید کے ویژن کو زندہ رکھنا اور ان کے وژن کے تحت جموں و کشمیر کے عوام کی خدمت کا تسلسل تھا۔ پی ڈی پی کے رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی اپنے اصولوں کے مطابق عوامی خدمت کے لئے کام جاری رکھے گی اور مفتی کی رہنمائی کو اپنے مشن کا حصہ بنائے گی۔
پونچھ میں مرحوم مفتی محمد سعید کو برسی پر خراج عقیدت پیش کیاگیا
حسین محتشم
پونچھ// پی ڈی پی نے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کو ان کی دسویں برسی پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ڈاک بنگلہ پونچھ کے کانفرنس ہال میں ایک اجلاس منعقد کیا۔اس دوران پی ڈی پی کے بانی اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کو کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت پی ڈی پی کے ضلع صدر شمیم احمد گنائی نے کی جبکہ پارٹی کے جموں صوبے کے جنرل سکریٹری راشد قریشی مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے مفتی محمد سعید کو یاد کیا اور جموں و کشمیر میں ان کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔مقررین نے اس دوران نیشنل کانفرنس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جو انتخابات کے دوران عوام سے وعدے تھے ان کو جلد سے جلد پورا کرے۔