حسین محتشم
پونچھ//انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی سہولت کےلئے پونچھ سے سرینگر اور سرینگر سے پونچھ کے لئے آر ٹی سی بس سروس مغل شاہراہ کے راستے ایک بار پھر شروع کی گئی ہے۔یہ بس پونچھ سے ہر روز صبح آٹھ بجے چلا کرے گی۔تفصیلات کے مطابق سردیوں کے دوران آر ٹی سی بس سروس ،جو پونچھ سے سرینگر اور سرینگر سے پونچھ ہر روز چلتی تھی، بند کر دی گئی تھی لیکن اسے مغل شاہراہ کے بحال ہوتے ہی ایک بار پھر بحال کیاگیاہے۔34 سیٹوں پر مشتمل آر ٹی سی کی بس میں مسافروں کی ہر سہولت کا خیال رکھا گیا ہے تاکہ مسافر آرام سے سفر کر سکیں۔اس بس کا کرایہ 398روپے طے کیا گیا ہے۔مغل شاہراہ سے سفر کرنے والے اکثر مسافروں نے اس بس کی شروعات پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔لوگوں کے مطابق یہ گاڑی آرام دہ ہے، اس میں سفرآرام سے ہو جاتا ہے اور کرایہ بھی مناسب رکھا گیا ہے۔شہریوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔بتا دیں کہ سرینگر ٹورسٹ سینٹر سے بھی ہر روز پونچھ کے لئے صبح آٹھ بجے بس چلا کرے گی۔