پونچھ //پیر پنچال خطہ اور وادی کے درمیان تعمیر ہوئی مغل شاہراہ کی بحالی کیلئے میکینکل شعبہ کی جانب سے شروع کیا گیاکام مسلسل جاری ہے جبکہ ابھی تک دونوں اطراف سے 57.7کلو میٹر علاقہ سے بر ف ہٹا لی گئی ہے جبکہ برف کی مقداد میں اضافہ ہونے و پسیوں کی وجہ سے کام تاخیر کا شکار ہو رہا ہے ۔دونوں خطوں کے درمیان رابطہ بحال کرنے کیلئے بفلیاز اور شوپیاں دونوں اطراف سے سڑک کی بحالی اور برف ہٹانے کا عمل شروع کیا گیا تھا ۔میکینکل شعبہ کے مطابق بفلیاز کی جانب سے 33.7کلو میٹر علاقہ سے بر ف ہٹا لی گئی ہے جبکہ مشینری کام پر پوری طرح سے تعینات ہے ۔اسی طرح شوپیاں کی طرف سے 24کلو میٹر شاہراہ کو صاف کردیا گیا ہے اور مشینری نے دوبجیاں علاقہ پار کرلیا ہے ۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جلد ہی شاہراہ کو بحال کرنے کیلئے تیار کرلیا جائے گا تاہم برفباری کی وجہ سے آئی پسیاں اس عمل میں بڑی رکائوٹ ثابت ہورہی ہیں ۔واضح رہے کہ تاریخی مغل شاہراہ موسمِ سرما میں شدید برف باری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کیا جاتا ہے جبکہ ہر برس مارچ کے ماہ میں شاہراہ سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا جاتا ہے۔ پونچھ حکام کی جانب سے بھی گزشتہ کئی دنوں سے شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام چلایا جا رہا ہے جبکہ ابھی تک33کلو میٹر تک کے علاقہ سے بر ف ہٹا لی گئی ہے۔متعلقہ محکمہ کے ایک آفیسر نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ جلد ہی شاہراہ سے برف ہٹا لی جائے گی تاہم اس پر گاڑیوں کی آمد ورفت بحال کرنے کا فیصلہ حکام کی جانب سے لیا جائے گا ۔