سرنکوٹ// گزشتہ رات ہوئی موسلادھاربارش کی وجہ سے پسیاں آگرائیں جس کے باعث مغل شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کچھ گھنٹوں کیلئے بندہوکررہ گئی۔شاہراہ پرچھتہ پانی کے مقام پر ایک بڑی پسی گرآئی جس کی وجہ سے بدھ وار کی صبح چار بجے تک ٹریفک کی نقل و حرکت بند رہی۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ پسی رات ساڑھے دس بجے گری جس کی وجہ سے کئی گاڑیاں درماندہ رہ گئیں تاہم صبح چار بجے ملبہ ہٹاکر روڈ چالو کردی گئی۔پسی گرآنیکی اطلاع ملنے پر مغل روڈ پر تعینات متعلقہ حکام کے اہلکاران چھتہ پانی پہنچ گئے اور انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے ملبہ ہٹانا شروع کیا تاہم اس میں کئی گھنٹے لگ گئے۔رابطہ کرنے پر ایگزیکٹو انجینئرمغل روڈ نے بتایاکہ اطلاع ملتے ہی مشینری کو رات کو ہی موقعہ پر بھیج دیاگیااور چونکہ پتھر اور ملبہ لگاتارگر رہاتھا اس لئے سڑک کو بحال کرنے میں کچھ وقت لگ گیا۔انہوں نے کہاکہ حالات کو دیکھتے ہوئے مزید مشینری اور بلڈوزر منگوائے گئے اور رات کوہی سڑک پر ٹریفک بحال کردی گئی۔ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر نے اس حوالے سے بتایاکہ بہرام گلہ پولیس چوکی کے انسپکٹر جونیش کمار کی قیادت میں ٹیم موقعہ پر پہنچی اور درماندہ مسافروں کو بحفاظت نکالا اور سڑک پر ٹریفک صبح چار بجے چالو کردی گئی۔اس دوران پچاس کے قریب گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ گئی تھیں جن کو اپنے اپنے مقام پہنچایاگیا۔