جاوید اقبال
پونچھ//حکام نے مغل روڈ کی مکمل بندش کا حکم دے دیا ہے اور اس سلسلے میں پونچھ کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے ایک باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔جیسا کہ پہلے اطلاع دی گئی تھی، مغل روڈ پر بیس دن سے گاڑیوں کی آمد و رفت معطل تھی کیونکہ سڑک پر بہت زیادہ پھسلن تھی اور حکام نے سڑک کی سطح کی حالت بہتر ہونے کے بعد اس کی بحالی کی امید ظاہر کی تھی تاہم، حکام نے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خراب موسم اور تازہ برفباری نے سڑک کی پھسلن میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے اس روڈ کی بحالی کئی ہفتوں تک ممکن نہیں ہو گی۔اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے، حکام نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے روڈ کو اگلے حکم تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ٹریفک پولیس کی طرف سے روڈ کی حالت اور خاص طور پر برف کی وجہ سے ٹریفک کی بحالی میں مشکلات پر مشتمل ایک تفصیلی رپورٹ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو پیش کی گئی تھی۔حکام نے کہاکہ ’’یہ روڈ اب اس سردیوں کے موسم کے آخر تک بند رہے گا اور صرف آئندہ گرمیوں میں ہی اسے بحال کیا جائے گا‘‘۔