عشرت حسین بٹ
سرنکوٹ// مغل روڈ پر پنار پل کے قریب پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون اور اس کاایک کمسن لقمہ اجل بن گئے جبکہ 6دیگرافراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک بولیرو گاڑی (JK02DJ-5386) کو مغل روڈ پر پنار پل کے قریب ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ حادثے کے وقت گاڑی میں 8افراد سوار تھےجو سبھی درہال راجوری کے رہنے والے تھے، جن میں سے 2کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی جن میں ایک کمسن بچہ اور اس کی والدہ شامل ہیں جبکہ باقی شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے اُنہیں میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے کے بعد ہنگامی حالات کو مدِ نظر رکھ کر اور ایمبولینسوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے، تین زخمی مسافروں کو ٹاٹا موبائل گاڑی میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر تین کو ایمبولینس کے ذریعے لے جایا گیا۔ سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ کے عہدیدار نے بتایا کہ چار زخمی مسافروں کی حالت نازک ہے۔ ادھر، پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ایس ایچ او سرنکوٹ راجیش تھاپا نے حادثے میں بچے سمیت دو لوگوں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایس ایچ او سرنکوٹ نے مہلوکین کی شناخت اوجلہ بیگم زوجہ محمد اعظم اور ان کے کمسن بیٹے ساکنان درہال راجوری کے طور پرکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو اب ضلع ہسپتال سرنکوٹ سے ابتدائی علاج کے بعد میڈیکل کالج راجوری لے جایا گیا۔
مغل روڈ پر بھیانک سڑک حادثہ | ماںکمسن بچے سمیت جاں بحق، 6دیگر زخمی
