عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے جموں میں باہو-گاندھی نگر اسمبلی حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار وکرم رندھاوا کے حق میں ایک روڈ شو اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں گڈکری نے جموں و کشمیر کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کو اجاگر کیا اور عوام سے پارٹی کو بھرپور حمایت دینے کی اپیل کی۔گڈکری نے کہا کہ یہ انتخابات صرف سیاسی پارٹیوں کا مستقبل طے کرنے کے لیے نہیں بلکہ جموں و کشمیر میں امن، ترقی، صنعتوں کے قیام اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد جموں و کشمیر میں واضح تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا’’1947سے 2014تک سڑکوں کے پروجیکٹ نہیں بنے، لیکن پچھلے 10 سالوں میں تین گنا زیادہ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں‘‘مرکزی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے 2 لاکھ کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں، جن میں کئی سڑکوں اور ٹنلوں کی تعمیر شامل ہے۔ جموں اور سرینگر کے درمیان 37ٹنلز تعمیر کی جا رہی ہیں، جن میں سے 10مکمل ہو چکی ہیں اور 17پر کام جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مغل روڈ پر ایک اہم ٹنل کی ڈی پی آر تیار ہو چکی ہے جبکہ جموں سے اکھنور، راجوری اور سرینگر کے بیچ تین ٹنل بنائے جا رہے ہیں۔نتن گڈکری نے ملک بھر میں جدید سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے حوالے سے حکومت کی کامیابیاں گنوائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی سے کٹرا کے درمیان ہائی وے کی تعمیر مارچ تک مکمل ہو جائے گی، جس سے دہلی سے کٹرا کا سفر محض 6 گھنٹے میں ممکن ہو گا۔ اس کے علاوہ، دہلی سے سرینگر 8گھنٹوں میں اور دہلی سے امرتسر 4 گھنٹے میں پہنچا جا سکے گا۔نتن گڈکری نے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کو بی جے پی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس اقدام نے جموں و کشمیر میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔ انہوں نے کہا’’بھاجپا ذات، پات، دھرم یا جنس کی بنیاد پر کسی کے ساتھ فرق نہیں کرتی۔ جو ووٹ دے گا، اس کا بھی کام کریں گے اور جو ووٹ نہیں دے گا، اس کا بھی کام کریں گے‘‘۔خطاب کے آخر میں مرکزی وزیر نے عوام سے بی جے پی کو ووٹ دینے اور وکرم رندھاوا کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی کامیابی جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔