عظمیٰ نیوزسروس
راجوری//حکام مغل روڈ کی بحالی کا حتمی فیصلہ آئندہ دو روز میں بلائے جانے والے مشترکہ اجلاس میں کریں گےجبکہ مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اب سنگل لین کی بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد سڑک کے تنگ حصوں کو چوڑا کرنے پر کام کر رہا ہے۔یہ سڑک دسمبر سے لے کر تین ماہ تک بند رہی اور مارچ کے پہلے ہفتے میں برف صاف کرنے کا کام شروع کیا گیا اور اسے پچھلے ہفتے مکمل کیا گیا کیونکہ مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی برف صاف کرنے والی مشینری پیر کی گلی پہنچی جہاں شوپیاں سائیڈ کا عملہ پہلے ہی پہنچ چکا تھا۔تاہم، حکام نے سڑک کی بحالی کے بارے میں ابھی تک کوئی بات نہیں کی ہے اور اگلے دو دنوں میں ایک مشترکہ اجلاس کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اس میٹنگ کی صدارت ضلع مجسٹریٹ پونچھ کریں گے جس میں سول انتظامیہ، پولیس انتظامیہ، ٹریفک پولیس، مغل روڈ پروجیکٹ، مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران شرکت کریں گے جس میں سڑک کی بحالی پر حتمی فیصلہ کرنے کےلئے بات چیت کی جائے گی۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک، راجوری پونچھ، محمد نواز نے کہا کہ سڑک کو سنگل لین کی بنیاد پر صاف کر دیا گیا ہے اور اسے جلد بحال کیا جا سکتا ہے لیکن اس کا فیصلہ مشترکہ میٹنگ میں کیا جائے گا۔انہوںنے کہا’’اگلے دو دنوں میں میٹنگ شیڈول ہے جہاں ضلع انتظامیہ پونچھ تمام متعلقہ محکموں کی مشاورت کے بعد کوئی حتمی فیصلہ لے گی‘‘۔مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر طارق محمود نے بتایا کہ ان کے محکمے نے گاڑیوں کی سنگل لین آمدورفت کے لیے سڑک کو کلیئر کر دیا ہے اور اب تنگ موڑوںکو چوڑا کرنے کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کا مینڈیٹ برف صاف کرنے کا ہے جس کے بعد سول انتظامیہ، پولیس کو سڑک کھولنے کا فیصلہ کرنا ہے۔مغل روڈ پروجیکٹ کے ایگزیکٹو انجینئر شوکت علی نے اس دوران کہا کہ پتھرگرآنے کے واقعات قدرے تشویش کا باعث ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے محکمے کی ایک ٹیم نے منگل کے روز سڑک کے اس حصے کا دورہ کیا جہاں پتہ چلا ہے کہ پتھروں اور برف کے تودے گرنے کے کچھ واقعات ہو رہے ہیں۔