عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ ہوا ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سرینگر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی برف باری اور بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 29 اور 30 نومبر کو ایک اور مغربی ہوائوں کا مرحلہ داخل ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کا زیادہ اثر جنوبی کشمیر اور چناب وادی پر ہوگا جہاں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔
موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ یکم دسمبر تک موسم ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں دن کے درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوسکتا ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ سے سردی بڑھ سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماہ دسمبر کے پہلے ہفتے کے دوران صبح کے وقت لوگوں کو دھند سے نجات مل سکتی ہے تاہم بعد میں کشمیر میں کہیں کہیں دھند پھر چھا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ سے، کافی وسیع مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کے امکانات ہیں اور اگلے تین دنوں کے دوران چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ میدانی علاقوں میں برفباری کا امکان نہیں ہے۔دریں اثنا وادای میں مطلع ابر آلود رہنے کے سبب شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے۔سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گلمرگ میں منفی0.2 ، پہلگام میں 1.2 ، کپوارہ میں 3.0 اور قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ کو منگل کی صبح برف کی سفید چادر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔لیہہ میں منگل کی صبح جب لوگ باہر نکلے تو سفید چادر نے زمین کو ڈھانپ لیا تھا جس سے سردی میں مزید اضافہ درج ہوا ہے۔