سرینگر//وادی کے صنعت کاروں نے فیڈریشن آف چیمبرس آف انڈسٹریز کشمیر کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے صنعت وحرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا کی جانب سے کشمیر میں احتجاج کر رہے نوجوانوں کے خلاف دھمکی آمیز اورنفرت انگیز بیان کے پیش نظرانہیں ریاستی کابینہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔کشمیر کے مختلف صنعتی مراکز پر اس حوالے سے سلسلہ وارمیٹنگوں اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا جس میں بھاجپا وزیر کے متنازعہ بیان کو ہدف تنقید بنایا گیا ۔ باغ علی مردان خان صنعتی مرکز میں کشمیر سمال سکیل اینڈس ٹریز ایسو سی ایشن(کے ایس ایس آئی اے) نے ایسو سی ایشن کے صدر سعید فضل الہیٰ کی سربراہی میں ایک احتجاجی دھرنا دیا جس میں کئی انٹرپرییونرس نے شرکت کی۔اس موقع پرایسو سی ایشن کے سینئر کارکن معراج الدین قریشی ، غلام محمد حسن ،غلام محی الدین کے علاوہ دیگر لوگوں نے خطاب کرتے ہوئے بھاجپا کے وزیر چندر پرکاش کی ریاستی کابینہ سے بے دخلی اور قانونی کاروائی عمل میں لانے کی مانگ کی ۔وزیر کے متنازعہ بیان کے خلاف صنعتی مرکز سوپور،کھنمو،صنعت نگر،زکورہ،گاندربل ،رنگریٹ،بارہمولہ ،زینہ کوٹ کے علاوہ وادی کے دیگر کئی صنعتی مراکز پر احتجاجی مظاہرے ہوئے جس میں مذکورہ وزیر کو ریاستی کابینہ سے بے دخل کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے ایف سی آئی کے بائیکاٹ پروگرام کی حمایت کی ہے ۔