سرینگر//معروف کاروباری شخصیت جوان سال اِفشان افضل کھانڈے گذشتہ روز انتقال کرگئے ۔ افشان افضل کے اچانک وفات کی خبر ملتے ہی لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک ان کے گھر واقع گلشن نگر چھانہ پورہ پہنچے اور مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر یاسین ملک نے غم سے نڈھال انکے سوگواراں کی ڈھارس بندھائی۔ مرحوم کو ایک شریف النفس انسان اور حلیم و شفیق شخصیت قرار دیتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ ان کی بے وقت جدائی پر سبھی مغموم ہیں اور اللہ تعالیٰ سے انکی جنت نشینی کیلئے دست بدعا ہیں۔ ادھرنیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے افشان کھانڈے کے انتقال پر گہرے صدمے اور رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے سوگوران خصوصاً والدین اور پسماندگان کیساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرحوم کے والد کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ پارٹی صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور پارٹی لیڈران تنویر صادق، جنید عظیم متو، سلمان علی ساگر، مشتاق احمد گورو نے بھی اس سانحہ اتحال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔