عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وادی کشمیر کے سینئر فوٹو جرنلسٹ نثار احمد (نثار انکل )بدھ کوانتقال کر گئے ۔موصوف مؤقر قومی انگریزی روز نامہ’ دی ہندو‘ کے ساتھ گزشتہ 28برسوں سے وابستہ تھے ۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی ان کے آبائی علاقہ خالد بن ولید کالونی نٹی پورہ میں رنج و غم کی لہرو دوڑ گئی اوربیشتر صحافیوں نے نٹی پورہ کا رخ کیا۔نثار احمد کے جسد خاکی کو ان کے آبائی گھر سے جناز گاہ تک صحافیوں اور ان کے اہلہ خانہ عزیز و اقارب نے کندھا دیکر پہنچایا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ اس موقعہ پر لوگوں کا جم غفیر موجود تھا جس میں صحافیوں کے علاوہ سیاسی ، سماجی ، مذہبی ، تجارتی اور سرکاری افسران اور نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بعدمیںانہیں آبائی مقبرہ تک لے جایا گیا ، جہاں ان کی تجہیز و تکفین ادا کی گئی ۔موصوف کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی صحافتی برادری میں دکھ کی لہر دوڑ گئی ۔مرحوم نے اپنے صحافتی کیرئر کا آغاز مقامی اردو اخباروزنامہ الصفا سے شروعات کی تھی۔انہیں اپنے صحافتی کیرئر میں متعدد اعزازات سے نوازا گیا تھا۔ انجمن اردو صحافت نے نثار احمد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔ایک بیان میںانجمن کے صدر ریاض ملک اور جنرل سیکریٹری نے مرحوم کے اہل خانہ بالخصوص فوٹو جرنلسٹ عمران نثار کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔