لیفٹینٹ گور نر ،ڈاکٹرفاروق، عمر،سجاد ،رانا، میراور تاریگامی کاغمزدہ کنبے کیساتھ اظہارہمدردی
سرینگر+بارہمولہ//معروف تاجر اور صنعت کار FILانڈسٹریز کے چیئرمین سید اقبال بخاری کا اتوار کو مختصر علالت کے بعد سکمزصورہ میں انتقال ہوگیا۔وہ89برس کے تھے۔مرحوم اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف احمد بخاری کے والد محترم تھے۔مرحوم کی تجہیزوتکفین لڈوروہ رفیع آباد میں انجام دی گئی جبکہ ان کے نمازجنازہ میں سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگ شریک ہوئے ۔لواحقین کے مطابق تعزیت پرسی کاسلسلہ چار دنوں تک لڈورہ میں ہی ان کے آبائی گھر میں جاری رہے گا اور سیدالطاف بخاری بھی ان ایام میں وہیں پر قیام پزیر رہیں گے۔ان کی اجتماعی فاتحہ خوانی17نومبر کو لڈورہ میں انجام دی جائے گی۔ سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگوں اور سیاسی شخصیات نے مرحوم کی نمازجنازہ میں شمولیت کی۔ان کی نمازجنازہ اتوار ساڑھے چار بجے تبلیغی جماعت کے امیرمولوی پرویزصاحب کی پیشوائی میں اداکی گئی۔اس دوران جموں کشمیر کے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے بخاری کے انتقال پردکھ اور افسوس کااظہار کیا۔ایک ٹوئٹ میں لیفٹینٹ گورنر نے لکھا،’’میں سیدمحمدالطاف بخاری کو ان کے والد سید محمد اقبال بخاری کے انتقال پر تعزیت کرتاہوں۔دکھ کی اس گھڑی میں میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ غمزدہ کنبے کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطاکریں‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے سیّد الطاف بخاری کے والد سیّد اِقبال بخاری کے اِنتقال پر اِظہار تعزیت کیاہے۔اَپنے تعزیتی پیغام میں فاروق خان نے مرحوم کے روح کے اَبدی سکو ن اور سوگوار کنبے کے لئے صبرو استقامت کی دعا کی ۔اُنہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں سیّد الطاف بخاری اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کیا ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سیدمحمد اقبال بخاری کی وفات پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا۔انہوں نے نئی دہلی سے اپنی پارٹی صدرسیدالطاف بخاری کو فون کرکے تعزیت پرسی کی۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ نے سیدمحمد اقبال بخاری کی موت پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے ٹوئٹرپرلکھا،’’میں اپنے والد کے ہمراہ الطاف بخاری ،طارق اور پورے کنبے کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں۔اللہ تعالی مرحوم کو جواررحمت میں جگہ دیں۔ بھاجپالیڈراورسابق رکن اسمبلی دیوندرسنگھ رانا نے بھی سیدمحمد اقبال بخاری کی وفات پر الطاف احمد بخاری کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا۔ایک بیان میں انہوں نے مرحوم کے روح کے ابدی سکون کی دعاکی ۔ پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے سٹیٹ یوتھ سیکریٹری اورانچارج حبہ کدل کانسٹی چیونسی عارف لائیگرو نے جنازہ میں شرکت کی ،جبکہ سابق وزیر نعیم اختراورمعاون ترجمان ڈاکٹرہربخش سنگھ نے الطاف بخاری کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی۔ پیپلزکانفرنس کے صدرسجادغنی لون نے بھی بخاری کے انتقال پرتعزیت کااظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کے روح کے ابدی سکون اورپسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا ہونے کی دعا کی۔لون نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا،’’الطاف بخاری صاحب کے والدسیداقبال صاحب کی وفات پر دلی تعزیت۔میں اقبال صاحب کو جانتا تھا وہ میرے والد کے قریبی دوست تھے۔اللہ تعالی انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کریں‘‘۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ یوسف تاریگامی نے لواحقین خاص کر الطاف بخاری سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔ یوسف تاریگامی نے کہا کہ محمد اقبال بخاری کو عوام بغیر کسی وابستگی کے عزت کی نگاہوں سے دیکھتے تھے اور ان کا احترام کرتے تھے۔۔ دریںاثناء حکیم محمد یاسین نے سید محمد اقبال بخاری کے انتقال پر گہرے صدمے اور غم کا اظہار کیا ہے۔حکیم یاسین نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ خاص کر ان کے بیٹے سید محمد الطاف بخاری کے ساتھ تعزیت پرسی بھی کی ۔حکیم یاسین نے کہا کہ موصوف اعلی درجے کے پرہیزگار اور غریب پرور تھے ۔انہوں نے کہا کہ موصوف کی رحلت سے جموں وکشمیر ایک پر خلوص سماجی رہنما اور مسکینوں ، بیواوں اور یتیموں کے مددگار سے محروم ہو گئی ہے۔ ادھر سماجی کارکن و اپنی پارٹی لیڈرمحمد امین شاہ ،ڈی ڈی سی ممبر ڈاڈسرہ و اپنی پارٹی لیڈر اوتار سنگھ ترال نے بھی اپنے الگ الگ بیانات میں الطاف بخاری کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ادھربارہ مولہ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اوردیگرانجمنوں نے سیدمحمداقبال بخاری کی وفات پر الطاف احمد بخاری کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا ہے۔ پردیش کانگریس صدرغلام احمدمیرنے الطاف احمد بخاری کے والد کی وفات پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ کنبے کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے مرحوم کے روح کے ابدی سکون کی دعاکی۔ادھر فیڈریشن چیمبرآف انڈسٹریزکشمیر نے سیدمحمداقبال بخاری کے انتقال پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے ایک میٹنگ میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری اویس قادر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم الطاف بخاری اور دیگر اہل خانہ کے غم میں برابر شریک ہیں۔عوامی نیشنل کانفرنس کے صدر بیگم خالدہ شاہ اور نائب صدر مظفر شاہ نے الطاف بخاری کے والد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔