سرینگر// معراج العالم ؐاور شیو راتری کے موقعہ پر محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے اینفورسمنٹ اسکارڈ نے بدھ کو سرینگر میں کئی بازاروں کا معائنہ کیا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں سے4ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا۔ چیکنگ کے دوران شہر کے جنوب و شمال کے بازاروں میں71دکانوں کا معائنہ کیا گیا۔ محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ مشتاق احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ معائنہ کے دوران گلی سڑی سبزی اور بیکری کو بھی موقعہ پر ضائع کیا گیا جبکہ دکانداروں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ آئندہ اس کو پھر نہ دہرائیں۔ وانی نے کہا کہ امسال محکمہ کے انفوسمنٹ اسکارڈ نے مجموعی طور پر59لاکھ17ہزار370روپے کا جرمانہ سبزی،پولٹری،گوشت،بیکری اور شیر و میوہ فروشوںسے وصول کیا،جبکہ495دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائے گئے اور124دکانات کو سیل کیا گیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے کہا کہ گراں فروشوں کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئے ان کی رپورٹ کرنا وادی کے ہر ایک شہری کا فرض ہے۔انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ ان دکانداروں پر عقابی نظر رکھیں جو معصوم خریداروں کو لوٹتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ منافع خوروں اور چور بازاری میں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔