عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بیجنگ// چینی وزیر خزانہ لان فوان نے کہا ہے کہ مشکلات سے دو چار معیشت کو سہارا دینے کے لیے چین اگلے سال اخراجات کو بڑھانے کے لیے مالی خسارے میں اضافہ کرے گا۔ وزیر خزانہ لان فوان نے منگل کو بیجنگ میں کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین اخراجات کی شدت بڑھانے کے لیے مالی خسارے کے تناسب میں اضافہ کرے گا۔دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت (چین) برسوں سے سست گھریلو کھپت، پراپرٹی کے شعبے میں مسلسل بحران اور بڑھتے ہوئے سرکاری قرضوں سے نبرد آزما ہے ۔چین نے رواں سال شرح نمو کو فروغ دینے کے لیے کئی جارحانہ اقدامات کا اعلان کیا، جن میں شرح سود میں کمی، گھر خریدنے پر عائد پابندیاں ختم کرنا اور مقامی حکومتوں پر قرضوں کا بوجھ کم کرنا شامل ہے ۔ماہرین اقتصادیات نے مقامی پیداوار بڑھانے اور چین کی معیشت کو مکمل صحت کی طرف بحال کرنے کے لیے زیادہ براہ راست مالی محرکات پر زور دیا ہے ۔چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق فوان لان نے کہا کہ بیجنگ معاش کو بہتر بنانے اور سست کھپت کو فروغ دینے پر بھی زیادہ توجہ دے گا ، اور مقروض مقامی حکومتوں کو منتقلی کی ادائیگیوں میں اضافہ کیا جائے گا۔بیجنگ طویل عرصے سے حکومتی اخراجات میں اضافے سے ہچکچاہٹ کا شکار رہا ہے تاکہ وہ قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہونے کے خوف سے اپنی معاشی بدحالی سے باہر نکل سکے ۔تاہم بیجنگ کی قیادت نے رواں ماہ ‘معتدل ڈھیل والی’ مانیٹری پالیسی اور اگلے سال ‘زیادہ فعال’ مالیاتی پالیسی کا وعدہ کیا ہے ۔یہ اصلاحات حکومت کی جانب سے زیادہ محتاط انداز اپنانے کے سابق عزم سے ہٹنے کی نمائندگی کرتی ہیں۔چین رواں سال 5 فیصد کے سرکاری قومی شرح نمو کے ہدف پر زور دے رہا ہے ، اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے صدر شی جن پنگ نے اعتماد کا اظہار کیا ہے ، لیکن بہت سے ماہرین اقتصادیات کا خیال ہے کہ وہ اس ہدف کو حاصل کرنے سے قاصر رہے گا۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے توقع ظاہر کی ہے کہ چین کی معیشت رواں سال 4.8 فیصد اور اگلے سال 4.5 فیصد تک بڑھے گی۔ناٹیکس میں ایشیا بحرالکاہل کے سینئر اکانومسٹ گیری این جی نے ‘اے ایف پی’ کو بتایا کہ نئے اخراجات کی شدت اس سطح سے کم ہوسکتی ہے جتنی یہ دکھائی دیتی ہے ۔گیری این جی نے کہا کہ موجودہ پالیسی ترقی کو فروغ دینے کے بجائے اعلیٰ پالیسی سازوں کے لیے معقول اور آرام دہ حد تک ترقی کا انتظام کرنے کے بارے میں بھی ہے ۔
روس میں واٹس ایپ کی بندش کا امکان
ماسکو/عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک/ روسی قانون کی تعمیل نہ کرنے کی صورت میں میٹا کی زیر ملکیت واٹس ایپ میسنجر کے 2025 میں روس میں بلاک ہونے کا قوی امکان ہے ۔ روسی فیڈریشن کونسل میں ڈیجیٹل اکانومی کی ترقیاتی کونسل کے وائس چیئرمین آرٹیم شیکن نے کہا کہ “اگر واٹس ایپ میسنجر کچھ تقاضوں اور ذمہ داریوں کو پورا نہیں کرتا ہے ، تو اس کے بلاک ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں”۔ 2025 میں روس میں واٹس ایپ کی پوزیشن کی ترقی کا انحصار صارفین اور پیغام رسانی سے متعلق معلومات کو ذخیرہ کرنے کے معاملے میں میسنجر کی انتظامیہ کے موقف پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ “یہ ضروری ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں یہ بات سمجھ لیں کہ روسی سرزمین پر اپنی سرگرمیاں کرتے ہوئے ، انہیں ہمارے ملک کے قانون کی تعمیل کرنی ہوگی، ورنہ ان کا کاروبار ناممکن ہو جائے گا۔”