مظفرآباد// انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرانٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے زیر اہتمام مظفرآباد میں ایک احتجاجی مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔احتجاجی مظاہرین نے ’’ ویک اپ ویک اپ ،یو این ویک اپ ‘‘جیسے نعرے بلند کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ فوری طور روکا جائے۔ مارچ میں ریڈ فائونڈیشن کالج، اعالیان سکول اینڈ کالج، برہان کالج، تعلیم الاسلام ماڈل سکول ، ام حبیبہ ماڈل سکول ، ماڈرن سکول آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ’’دی مسٹ‘‘کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے وائس چیئرمین مشتاق الاسلام ، چیئرمین پاسبان حریت عزیر غزالیسمیت متعدد لیڈران نے ریلی سے خطاب کیا۔ریلی کا انعقاد امبور کے مقام سے کیا گیا جو بلدیہ چونگی کے قریب اختتام پذیر ہوا۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ ایک طرف عالمی برادری انسانی حقوق کا دن منا رہی ہے اور دوسری جانب بھارتی فورسز کشمیرمیں کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔