ڈورو//منزموہ ڈورو شاہ آباد میں مضر صحت پانی کی فراہمی کے خلاف مقامی آبادی محکمہ پی ایچ ای کے تئیں برہم ہے ۔منزموہ کے لوگوں نے علاقہ میں محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے مضر صحت پانی فراہم کرنے پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ پی ایچ ای نے50سال قبل علاقہ میں ایک ٹینکی تعمیر کی اورصاف پانی فراہم کرنے کی غرض سے 4سال قبل فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کا کام شروع کیا تاہم فلٹریشن پلانٹ میں صرف چند پائپیں نصب کرنے کے بعد کام ادھورا چھوڑا گیا جس کے سبب عوام کو مضر صحت پانی استعمال کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مضر صحت پانی کے سبب مقامی آبادی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ علاقہ میں زیر تعمیر نئی ٹنلوں کے سبب علاقہ کے سبھی آبی ذخائر سوکھ گئے ہیں اور موجودہ واٹر سپلائی اسکیم بھی تباہی کے دہانے پر ہے ۔اس حوالے سے ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای قاضی گنڈ غلام نبی بٹ کا کہنا ہے کہ دراصل ٹینکی کو مقامی چشمہ سے پانی فراہم ہو تا تھا جو ٹنل تعمیر ہونے سے سوکھ گیا ہے ،فی الحال لوگوں کو نالہ سے پانی فراہم کیا جاتا ہے جس کا رنگ تھوڑا سا زرد ہے تاہم پانی میں کوئی خرابی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلٹریشن پلانٹ اپریل میںمکمل ہونے کی اُمید ہے ،جس کیلئے ٹیوب ویل بھی کھودے جارہے ہیں ۔