عظمیٰ نیوز سروس
سر ینگر//ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)کے گورنر شکتی کانتا داس نے پیر کو کہا کہ مرکزی بینک کی کوشش آئندہ دہائی کے دوران ایک مستحکم اور مضبوط مالیاتی نظام فراہم کرنے کی ہوگی، جو ملک کی اقتصادی ترقی کی بنیاد کے طور پر کام کرے گا۔داس نے ممبئی میں منعقدہ آر بی آئی کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں کہا کہ برسوں کے دوران ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے استحکام، لچک اور عزم کی علامت کے طور پر اُبھرا ہے۔اس موقع پر داس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک یادگار پیش کی۔انہوںنے کہاکہ جیسا کہ ہم ریزرو بینک RBI کو100کی طرف بڑھتے ہیں، ریزرو بینک ایک مستحکم اور مضبوط مالیاتی نظام پر مرکوز رہتا ہے جو ہمارے ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے بنیاد کا کام کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریزرو بینک ابھرتے ہوئے رجحانات کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور بدلتے وقت کے ساتھ ہم آہنگ رہنے کیلئے ضروری پالیسی اقدامات کر رہا ہے۔شکتی داس نے کہا کہ مرکزی بینک کی کوشش حالات کا اندازہ لگانا اور فعال اقدامات کرنا ہے۔ ریزرو بینک RBIکے گورنر نے روشنی ڈالی کہ ایک ادارے کے طور پر ریزرو بینک کا ارتقاء ہندوستانی معیشت کی ترقی کے ساتھ گہرا تعلق رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم ایک مکمل سروس سینٹرل بینک ہیں جس میں ہمارے افعال متعدد جہتوں پر محیط ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش رہی ہے کہ ایک ایسے مالیاتی شعبے کو فروغ دیا جائے جو مضبوط، لچکدار اور مستقبل کیلئے تیار ہو۔