رام بن //نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے گزشتہ روز پوگل پریستان کے پوگل گائوں کا دورہ کر کے علاقہ کے معروف سیاستدان اور سابق ڈپٹی سپیکر مرحوم مولوی عبدالرشید کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ پارٹی کے ضلعی صدر سجاد شاہین، صوبائی نائب صدر ڈاکٹر چمن لال، بلاک صدر ریاض احمد، نثار احمد، مرتضیٰ علی، میر واعظ عطا محمدکٹوچ، مولوی محمد خلیل سہیل، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، مولوی عبدالطیف، شکیل الرحمان رونیال، طارق احمد ڈار، جگدیت سنگھ، دیوی دتہ اور دگیران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مرحوم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے ان کی خدمات کو یاد کیا اور کہاں مرحوم ایک بے لوث اور دیانتدار سیاستدان تھے جنہوںنے ساری زندگی غرباء کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا۔ اس سے قبل رام سو، اکھڑہال، مالیگام اور بانہال کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے پوگل سڑک کی بد حالی پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ اکھڑہال سے آگے سڑک کی فوری مرمت کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے مرکزی وزیر رہتے ہوئے علاقہ میں چار منی ہائیڈرو پروجیکٹ منظور کئے گئے تھے لیکن موجودہ سرکار ان میں سے 3کو ہاتھ میں لینے میں ناکام رہی ہے اور صرف ایک پروجیکٹ ہی مکمل ہو پایا ہے ۔ اسی طرح ڈگری کالج اکھڑہال ،رام سو میں تحصیل دفترا ور نیل میں سی ڈی بلاک کے قیام کو منظور ی عمر عبداللہ سرکار کے دور اقتدار میں ملی تھی لیکن یہ انتظامی یونٹ بھی موجودہ سرکار کی بے حسی کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے بانہال ریلوے سٹیشن پر سہولیات کو مزید بڑھائے جانے اور شجر کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بانہال بارہمولہ روٹ پر چلنے والی ٹرینوں کی بد حالی پر تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ ناگام بائی پاس پر ڈیوائیڈر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ان مقامات پر ڈاکٹر کمال نے پارٹی کارکنان کو تلقین کی کہ وہ لوگوں کو درپیش مسائل کے ازالہ کے لئے آواز بلند کریں۔