نئی دہلی// ہندوستان کے 74 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کل یہاں پہنچے ۔ مصری صدر شام چھ بجے کے قریب اپنے خصوصی طیارے میں پالم ایئر فورس بیس پر اترے ۔ ان کا استقبال وزیر مملکت برائے امور خارجہ راج کمار رنجن سنگھ نے کیا۔ مسٹر السیسی کا یہ ہندوستان کا تیسرا دورہ ہے ۔ وہ سب سے پہلے 2015 میں انڈیا افریقہ فورم سمٹ میں شرکت کے لیے آئے تھے اور پھر ستمبر 2016 میں دو طرفہ سرکاری دورے پر آئے تھے ۔ مسٹر مودی کے ساتھ یہ ان کی تیسری ملاقات ہوگی۔ سرکاری پروگرام کے مطابق مسٹر السیسی کا کل صبح 10 بجے راشٹرپتی بھون میں ایک رسمی استقبال کیا جائے گا۔ وہ تینوں افواج کے مشترکہ دستے کے گارڈ آف آنر کا معائنہ کریں گے ۔ اس کے بعد وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہوٹل میں ان سے ملاقات کریں گے ۔ اس کے بعد مہمان رہنما مہاتما گاندھی کے سمادھی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے راج گھاٹ جائیں گے ۔ مسٹر السیسی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ حیدرآباد ہاؤس میں صبح تقریباً 11.30 بجے دو طرفہ میٹنگ ہوگی اور اس میں باہمی تعاون کے کچھ معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے ۔