عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع چند دیہات میں سیکورٹی فورسز نے بدھ کے روز مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ذرائع کے مطابق، یہ کارروائیاں دن کے وقت شروع ہوئیں اور کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔ اس دوران علاقے کے مختلف مقامات پر پولیس کی اسپیشل آپریشن گروپ اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں نے مشترکہ طور پر تلاشی مہم چلائی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں کچھ مشکوک حرکات دیکھنے کے بعد فورسز نے فوری ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کیا، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔تلاشی کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے گھروں، کھیتوں اور قریبی جنگلاتی علاقوں میں تفصیلی جانچ کی تاہم، آخری اطلاعات تک کسی مشکوک شخص یا مواد کی برآمدگی کی اطلاع نہیں ملی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ شام کے وقت حالات معمول پر آنے کے بعد کارروائی کو ختم کر دیا گیا۔سیکورٹی فورسز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے میں کسی بھی مشکوک نقل و حرکت کی فوری اطلاع پولیس یا فوجی حکام کو دیں تاکہ سرحدی علاقوں میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔