سمت بھارگو
راجوری//بڈھال گاؤں راجوری میں پراسرار اموات کی تحقیقات کے لئے وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی اعلیٰ سطحی انٹر منسٹریل ٹیم نے دوسرے دن بھی اپنی تحقیقات جاری رکھیں۔ٹیم اتوار کی شام راجوری پہنچی تھی اور پیر کو بڈھال گاؤں کا دورہ کیا۔ اس دوران ٹیم نے ان دو گھروں کا معائنہ کیا جہاں پراسرار اموات ہوئیں اور محمد اسلم کے خاندان کے گھر کو ضبط کرنے کی سفارش بھی کی۔منگل کو، حکام کے مطابق، ٹیم نے فضل حسین کے گھر کا دورہ کیا اور مختلف نمونے اکٹھے کئے۔حکام نے مزید بتایا کہ ٹیم ان مقامات کا بھی معائنہ کر رہی ہے جہاں یہ خاندان رہتے تھے، تاکہ کسی بھی وبائی روبط کو قائم کیا جا سکے۔یہ ٹیم مکمل طور پر ایک محدود ماحول میں کام کر رہی ہے، جہاں منتخب مقامی رابطہ افسران ہی ان ماہرین کے ساتھ موجود ہیں اور کسی بھی دوسرے فرد کے ساتھ بات چیت کی اجازت نہیں ہے۔منگل کو ٹیم نے فضل حسین، جو نظام دین کے بیٹے تھے، کے گھر کا معائنہ کیا۔ یہ وہ خاندان تھا جس کے تمام چار بچے 7 دسمبر سے 8 دسمبر کے درمیان انتقال کر گئے تھے۔ایک اہلکار نے بتایاکہ ’ٹیم کا مذکورہ خاندان کے گھر کا دورہ ان اموات کے پیچھے موجود راز کو بے نقاب کرنے کے لئے اہم معلومات اور سراغ جمع کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے‘۔ٹیم نے گھر کے اندر اور آس پاس کے علاقے سے پانی، کھانے اور دیگر متعلقہ مواد کے نمونے جمع کئے ہیں۔ تحقیقات میں شامل افسران کا کہنا ہے کہ یہ نمونے تجزیے کے لئے مختلف قومی سطح کے اداروں کو بھیجے جائیں گے۔وزارت داخلہ کی جانب سے ہدایت کردہ ٹیم کی یہ تحقیقات راجوری میں بڈھال اموات کے پیچھے ممکنہ وجوہات کو سمجھنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ حکام نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی مزید مشکلات سے بچا جا سکے۔