یو این آئی
تہران//اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی بدترین حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے تہران کی شاہراہوں پر فوجی سازوسامان سجا دیا گیا ہے۔ نمائش کا مقصد اسرائیل کو خبردار کرناہے کہ ایران حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت کے بعد جوابی کارروائی کیلئے تیار ہے۔مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران تہران کی شاہراہوں پر بھاری فوجی سازوسامان کے ساتھ بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں، جن پر تحریر ہے کہ ہم بدلہ لیں گے، ساتھ ہی اسماعیل ہنیہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے پوسٹرز بھی لگادیئے گئے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کھل کر اعتراف کیا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار حزب اللہ کا فائر کیا گیا میزائل تل ابیب تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔رپورٹس کے مطابق بدھ کو اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ لبنانی گروپ حزب اللہ کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل پہلی بار تل ابیب کے علاقے تک پہنچا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ حزب اللہ کا میزائل تل ابیب کے علاقے تک پہنچ گیا، تاہم آئی ڈی ایف کے فضائی دفاعی نظام(آئرن ڈوم)نے اسے روک لیا۔