سرینگر// بشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے ریاستی محکمہ داخلہ کو ایک ماہ کے اندر زنداں خانوں میں نظر بند کشمیریوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن میں حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہاں سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق کے علاوہ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے 3نومبر کوایک عرضی دائر کی تھی،جس میں جیلوں کی ابتر صورتحال اور کشمیری قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے’’ غیر انسانی سلوک‘‘ کا نوٹس لینے کیلئے کہا گیا تھا۔پیر کو انسانی حقوق کے کمیشن میں سیاسی قیدیوں کی اس عرضی سے متعلق شنوائی کے دوران ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ایم ایم خان کے علاوہ چیف پراسکیوٹنگ آفیسر ممتاز سلیم کے علاوہ مزاحمتی خیمے کی طرف سے لبریشن فرنٹ کے مختار حسین نقشبندیؒ اور محمد احسن اونتو پیش ہوئے۔ جسٹس(ر) بلال نازکی نے کہا کہ درخواست میں تہاڑ جیل میں نظر بند قیدیوں کا ذکر کیا گیا ہے،اور تہاڑ جیل چونکہ دہلی میں ہے ،اور انکے حد اختیار سے باہر ہے۔انہوں نے تاہم کمشنر سیکریٹری ہوم کو ہدایت دی کہ وہ قیدیوں سے متعلق ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کریں۔اس سے قبل مشترکہ مزاحمتی لیڈرشپ نے3نومبر کو ریاستی انسانی حقوق کمیشن میں ایک عرضی دائر کی تھی۔