سرینگر//حزب المجاہدین نے محبوس جنگجوسے متعلق پولیس کا دعویٰ بے بنیادقراردیتے ہوئے کہاہے کہ مشتاق احمد چوپان نے فرارہونے کی کوشش نہیں کی بلکہ اُسے فرضی جھڑپ میں جاں بحق کیا گیا۔کے این ایس کے مطابق حزب ترجمان برہان الدین نے پولیس کے اس بیان کو مسترد کیا کہ مشتاق احمدچوپان پولیس تھانہ ترال سے فرارہونے کی کوشش کررہا تھا کہ اس دوران وہ یہاںہوئے ایک گرینیڈدھماکے میں جاں بحق ہوگیا۔ترجمان کے مطابق حزب کے فیلڈآپریشنل کمانڈرمحمدبن قاسم نے پولیس کے دعوے کوبے بنیاداورجھوٹ کاپلندہ قراردیتے ہوئے کہاکہ مشتاق چوپان کوفرضی اورجعلی جھڑپ میں جاں بحق کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ جنگجونوجوان جو سوپورمیں گرفتارہونے کے بعدسے زیرحراست تھا،نے پولیس کی تحویل یاتھانے سے فرارہونے کی کوئی کوشش نہیں کی تھی بلکہ اُسکویہاں جعلی واقعہ میں جاں بحق کیاگیا۔محمدبن قاسم نے کہاکہ 2013میں اسی نوعیت کے ایک واقعہ میں تنظیم سے وابستہ ایک عسکریت پسندشکیل احمدپٹھان عرف عبیدکوبھی کنگن میں ایک جعلی معرکے میں جاں بحق کیاگیاتھا۔انہوں نے مشتاق چوپان کوفرضی واقعہ میں جاں بحق کرنے کی مذمت کرتے ہوئے بین الااقوامی حقوق البشراداروں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیرمیں فوج ،فورسزاورریاستی پولیس کے ہاتھوں ہورہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسنجیدہ نوٹس لیں ۔