عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// خطہ پیر پنچال کی معروف عصری درسگاہ مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی میں تقریب انعامات کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سکول انتظامیہ اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول میں نصابی اور سر غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات کو انعامات و اعزازات جبکہ چند طلباء کو نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر ادارہ کے چیئرمین خورشید بسمل نے اپنے ناصحانہ انداز میں کہا کہ آج کا نوجوان طبقہ تیزی سے غیر اخلاقی سرگرمیوں میں مبتلا ہوتا جارہا ہے۔ اس کی رہنمائی صحیح سمت کے بجائے غلط خطوط پر ہورہی ہے جو کہ کسی بھی طرح ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہے بلکہ ہلاکت کا پیش خیمہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ آپ جس مقصد اور حصول تعلیم کے لئے دور دراز سے اپنے گھروں کو چھوڑ کر آئے ہیں اس پر آپ کی خاص نظر ہونی چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس ادارہ میں داخلہ لینے والے طلبا اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ علم انتہائی جفاکشی اور محنت شاقہ کا نام ہے۔ لہٰذا آپ جتنی یکسوئی اور جفاکشی کے ساتھ محنت کریں گے، آنے والے دنوں میں اس کے بہتر نتائج آپ کے سامنے ہوں گے۔ اپنے مفید مشوروں سے نوازتے ہوئے خورشید بسمل نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایک ذمہ دار شہری بن کر زندگی گزاریں۔ انھوں نے اپنے تجربات و مشاہدات کی روشنی میں آنے والی تمام ممکنہ پریشانیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بچوں سے کہا کہ آپ محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنائیں، نماز قائم کریں اور دین اسلام کو اپنا شعار بنائیں کیوں اسی میں کامیاب زندگی کا راز مضمر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے آپ کو بہت سے چیلینجز کا سامنا کرنا ہوگا تبھی آپ کامیاب بن سکیں گے کیونکہ جدید علوم پر دسترس اور عبور حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اگر آپ نے علم کے میدان میں تحقیق و جستجو پر توجہ مرکوز رکھی تو کامیابی و کامرانی آپ کے قدم چومے گی۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے آپ کو جدید علوم اور سائنسی ایجادات کے بارے میں آگاہی پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی ہوگی۔