اشتیاق ملک
ڈوڈہ //وادی چناب میں مسلسل خوشک سالی کی وجہ سے جہاں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے وہیں جنگلات غیر محفوظ بن گئے ہیں اور کسان و زمیندار بھی پریشان ہیں۔ طویل وقت سے بارشیں و برفباری نہ ہونے کے سبب متعدد مقامات پر موجود آبی ذخائر بھی سوکھ چکے ہیں جس کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔پچھلے ایک ماہ سے وادی چناب کے جنگلات میں سینکڑوں مقامات پر آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے ہیں جس میں ہزاروں کی تعداد میں درختوں، پیڑ پودوں و دیگر جنگلی حیاتیات کو نقصان پہنچا ہے ۔سیول سوسائٹی و کسانوں نے خوشک سالی و جنگلات میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ علامت آنے والے وقت کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ سیاسی و سماجی کارکن اصغر کھانڈے کا کہنا ہے کہ جنگلات کا بے دریغ کٹاؤ و تعمیر و ترقی کے نام پرزمینوں کا چیر پھاڑ کرنا ماحولیات و انسانی زندگی کے لئے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت پر بارشیں و برفباری نہ ہونے کے سبب ہر شعبہ بری طرح متاثر ہورہا ہے.اور دریائے چناب کے ساتھ ساتھ آس پاس کے دریاؤں، ندی نالوں میں پانی کی سطح میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے پانی و بجلی بحران کا خدشہ ہے. ماحولیات کے لئے کام کررہے ایک غیر سرکاری تنظیم کے چیئرمین غلام حسین میر جنگلات میں آگ زنی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی خطہ میں خوشکسالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس پر سبز سونے کو نقصان پہنچنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ سے ہزاروں کی تعداد میں سبز سونے و جنگلی حیاتیات کو نقصان پہنچا ہے. انہوں نے کہا ماحولیاتی آلودگی پھیلنے سے کئی مہلک بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو بہت جلد عوام پانی کی بوند کے لئے ترسے گی. میر نے سیول سوسائٹی، عوام و محکمہ سے متحرک ہو کر جنگلات کے بچاؤ و اس کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے. ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جنگلات میں آتشزدگی کے باعث بھاری پیمانے پر پیڑ پودوں کو نقصان پہنچا ہے اور محکمہ نے سیول سوسائٹی کے ساتھ مل کر دن رات آگ بجھانے میں کوئی کمی نہیں رکھی ہے۔ انہوں نے کہا پہلے ہی بارشیں و برفباری نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے خوشکسالی بڑھ گئی ہے.۔انہوں نے سیول سوسائٹی و عوام سے جنگلات کے تحفظ کے لئے محکمہ کو ہر ممکن تعاون دینے کی اپیل کی ہے۔